امریکہ میں طوفانی بگولے، متعدد ریاستوں میں تباہی، ہلاکتوں کا سلسلہ جاری

واشنگٹن (رم نیوز)امریکہ کے وسطی اور جنوبی حصوں میں شدید طوفانی بگولوں اور آندھیوں نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، ریاست میسوری طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں 12 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح، ریاست ٹیکساس اور آرکنساس میں بھی طوفانی بگولوں نے 12 افراد کی جانیں لے لیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرکنساس میں نیشنل گارڈ کو امدادی کارروائیوں کے لیے روانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ریاست اوکلاہوما میں طوفانی بگولوں کے نتیجے میں جنگلات میں 150 سے زائد مقامات پر آگ بھڑک اُٹھی، جبکہ 8 ریاستوں میں 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ریاست مسیسپی، مشرقی لوزیانا اور مغربی ٹینیسی بھی طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں۔