اسلام آباد (رم نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے مختلف کیسز یکجا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی درخواست پر غور کیا، جس میں انٹرا کورٹ اپیل کے ایس او پیز کے حوالے سے عمران خان سے ملاقاتوں کے کیسز کی یکجا سماعت کی درخواست کی گئی تھی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے مختلف کیسز مختلف بینچز میں سماعت کے لیے مقرر ہیں جس کی وجہ سے ان کے موکل کو ہفتے میں پانچ دن عدالت میں پیش ہونا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کیسز کو ایک ہی بینچ میں یکجا کر دیا جائے تاکہ ایک ہی مرتبہ سماعت ہو سکے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے کیسز کی یکجا سماعت کا حکم دیا اور لارجر بینچ تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ ان کیسز کو ایک ہی وقت میں سنا جا سکے۔یہ فیصلہ عمران خان کی جیل میں موجودگی اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق قانونی امور کے حوالے سے آیا ہے۔