کراچی(رم نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے عید الفطر 2025 کے موقع پر اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔سندھ حکومت نے عوام کو عید کے دنوں میں اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ٹرانسپورٹ حکام کو کرایوں پر مکمل کنٹرول رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عید کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرز کو فوری ایکشن لینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو کسی بھی قسم کی اضافی مالی مشکلات سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ٹرانسپورٹ مالکان کو متعین کردہ کرایوں پر عملدرآمد کرنا ضروری ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔سندھ بھر میں بس اڈوں اور ٹرمینلز پر چیکنگ کا عمل جاری ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی ٹرانسپورٹر کی جانب سے زائد کرایہ وصول کیا جائے تو فوراً شکایت درج کرائیں