ڈونیڈن(رم نیوز) نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 میں بھی پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔ڈونیڈن کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا اور اسے 15،15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، جسے کیویز نے 13.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنر حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عرفان خان 11، خوشدل شاہ 2 اور جہانداد خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا نے 28 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ شاداب خان نے 14 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز 135 رنز پر مکمل ہوئی۔
نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایش سوڈھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، جیمز نیشم اور مائیکل بریسویل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے 66 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ٹم سیفرٹ نے 22 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ فن ایلن 38، مارک چیپمین 1، جیمی نیشم 5 اور ڈیرل مچل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مچل ہے 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو،محمد علی، خوشدل شاہ اور جہانداد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔