بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کا ریکارڈ سپرنٹنڈنٹ سے طلب، سماعت 24 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل ملاقاتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بنچ نے عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ اس بنچ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان بھی شامل ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، عبدالغفور انجم، عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عمران خان کی جیل میں معمول سے ہٹ کر ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں، جو جیل کے مینوئل اور شیڈول کے مطابق نہیں ہیں۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جیل حکام سے یہ وضاحت طلب کی جائے کہ عمران خان سے ملاقاتوں کا طریقہ کار کیا ہے۔