اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سٹار لنک کی رجسٹریشن کو مکمل کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل میں ایک نیا سنگ میل طے ہوا ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز کی بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسٹار لنک جیسے جدید حل سے پاکستان کی کنیکٹیوٹی میں مزید بہتری آئے گی۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے ایک مشترکہ کوشش کے طور پر مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا، جن میں سائبر کرائم ایجنسی، سکیورٹی ایجنسیز، پی ٹی اے اور سپیس اتھارٹی شامل ہیں۔ ان اداروں کی مشاورت سے سٹار لنک کو عارضی این او سی جاری کیا گیا، اور اب پی ٹی اے کمپنی کی فیس ادائیگی اور دیگر لائسنسنگ کی ضروریات کو مکمل کرے گا۔
قبل ازیں، پاکستان سپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے ایلون مسک کی ملکیت والی امریکی کمپنی سٹار لنک کو این او سی جاری کیا تھا۔ کمپنی نے تمام متعلقہ تقاضے پورے کیے اور وزارت داخلہ کی کلیئرنس حاصل کرنے کے بعد اسے این او سی دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، پی ٹی اے آئندہ دو ہفتوں میں اسٹار لنک کو لائسنس جاری کر دے گا، جس کے بعد کمپنی سروسز کا آغاز کر سکے گی۔
پاکستان میں سٹار لنک کی آمد کے ساتھ سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جو پاکستان میں انٹرنیٹ کی کنیکٹیوٹی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔