ٹورانٹو(رم نیوز)کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کینیڈین عوام 28 اپریل 2025 کو اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔کارنی نے کہا کہ ان کی حکومت کو ایک ’’مضبوط اور مثبت مینڈیٹ‘‘ کی ضرورت ہے تاکہ وہ معیشت کو مستحکم کر سکیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ محصولات کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے ٹرمپ کے اقدامات کو ’’ہماری زندگیوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ‘‘ قرار دیا۔
وزیرِاعظم کارنی نے یہ بھی کہا کہ ان کی نسل خوش قسمت تھی، لیکن آج کے نوجوانوں کو اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے کرایہ اور دیگر اخراجات برداشت کرنے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔قبل از وقت انتخابات کے اعلان کے بعد کینیڈا میں انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس مہم میں وزیرِاعظم کارنی کا مقابلہ کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پولییور سے ہوگا۔ کارنی کا کہنا تھا کہ پیئر پولییور کا نظریہ امریکی صدر ٹرمپ کے نقطہ نظر سے ’’غیر معمولی طور پر مماثل‘‘ ہے۔
دوسری جانب، پیئر پولییور نے اپنی انتخابی مہم میں ٹیکسوں میں کمی، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور کینیڈا میں مزید ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔