خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 11 خارجی ہلاک

راولپنڈی(رم نیوز) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 11 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی پہلی کارروائی میں 5 خارجی مارے گئے، جبکہ دوسری کارروائی میں بھی میرعلی میں 3خارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔ تیسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کی گئی، جس میں 2 خارجی ہلاک ہوئے، اور چوتھی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی، جہاں ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔

آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔