فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’یوم القدس‘ آج منایا جائے گا

لاہور(رم نیوز) پاکستان اور دنیا بھر میں مسلمان آج یوم القدس منائیں گے تاکہ فلسطینیوں سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔اس دن کے موقع پر قبلہ اول کی آزادی کے حق میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور اسرائیلی بربریت کا شکار فلسطینیوں کی حمایت میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے لاہور پریس کلب پر القدس کی یاد میں چراغاں اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی میں یوم القدس کے حوالے سے ریلی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی جائے گی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔