وزیراعلیٰ پنجاب نے تونسہ میں ایڈز کے سدباب کے لیے فوری آپریشنل پلان طلب کر لیا

لاہور(رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تحصیل تونسہ میں ایڈز کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے فوری طور پر آپریشنل پلان تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں تونسہ کے علاقے میں ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز نے ایڈز کے کنٹرول کے لیے جامع حکمت عملی کا فیصلہ کیاہے ۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت پنجاب کا مشترکہ مشن تشکیل دیا گیا ہے، جو 7 سے 14 اپریل تک متاثرہ بچوں کی ہسٹری ٹریسنگ کرے گا اور ایڈز کے بچاؤ کے لیے اقدامات تجویز کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ علاقوں میں ہاؤس ہولڈ سکریننگ کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

مریم نواز نے تونسہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور دیگر طبی مراکز میں ایڈز کے علاج کے لیے خصوصی مراکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ایڈز سے متاثرہ بچوں کے مکمل فری علاج کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاج میں کسی بھی قسم کی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایڈز کے پھیلاؤ کے اسباب اور اس میں ملوث ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت بھی کی اور اس مرض کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم دیا۔