جعفر ایکسپریس 17 روز بعد بحال، کوئٹہ سے پشاور روانہ

کوئٹہ (رم نیوز) دہشت گردوں کے حملے کے بعد معطل جعفر ایکسپریس 17 دن بعد بحال ہو گئی۔ ٹرین کا افتتاح رکن قومی اسمبلی جمال شاہ نے کیا، اس موقع پر ڈی ایس ریلوے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔یہ ٹرین 10 بوگیوں پر مشتمل ہے اور 400 سے زائد مسافروں کو لے کر کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوئی۔ مسافروں کی مکمل چیکنگ کی گئی اور ٹرین میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کی سروس معطل ہونے سے 90 لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس کو 11 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے کا سامنا ہوا تھا، جس کے بعد اس کی سروس معطل کر دی گئی تھی، لیکن اب 17 روز بعد ٹرین اپنی منزل کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔