نیپیئر(رم نیوز)نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں پہلی فتح حاصل کر لی۔ پاکستان کو 345 رنز کا ہدف ملا تھا، جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز تک محدود رہی
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ بابر اعظم 78 اور سلمان علی آغا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم دیگر کھلاڑیوں کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ عثمان خان 39، عبداللہ شفیق 36، اور کپتان محمد رضوان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ طیب طاہر، محمد عرفان خان اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا سامنا کیا اور 50 رنز پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد مارک چیپمین اور ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کی اور نیوزی لینڈ کو 344 رنز تک پہنچا دیا۔ چیپمین نے 132 اور مچل نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3، حارث رؤف اور عاکف جاوید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی ٹیم 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 271 رنز تک ہی محدود رہی، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے 73 رنز سے فتح اپنے نام کی۔