چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی سخت، مریم نواز کی فول پروف انتظامات کی ہدایت

لاہور(رم نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے بازاروں میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ویمن پولیس اسکواڈ کے گشت کو بڑھانے کا بھی حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کے 65 بڑے تجارتی مراکز میں اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ بازاروں اور مارکیٹوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمرے اور نائٹ ویژن دوربینیں استعمال کی جا رہی ہیں۔چاند رات پر سڑکوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے 55 مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے، جبکہ اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے انتظامات کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 21 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

چاند رات پر لاہور میں 4 ہزار جبکہ عید اجتماعات کے دوران 9 ہزار اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ مجموعی طور پر عیدالفطر پر 29 ہزار اہلکار 47 ہزار مقامات کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جاری رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔