واشنگٹن(رم نیوز)ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابق ٹوئٹر) کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا ہے۔ یہ معاہدہ مجموعی طور پر 45 ارب ڈالر کا ہے، جس میں 12 ارب ڈالر کا قرض بھی شامل ہے۔
اس انضمام کا مقصد X کو ایک جدید اے آئی انٹیگریٹڈ سسٹم میں تبدیل کرنا ہے، جہاں xAI کی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتیں اور X کا وسیع صارف نیٹ ورک یکجا ہو جائیں گے۔ایلون مسک نے X پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس معاہدے کے بعد xAI کی مالیت 80 ارب ڈالر جبکہ X کی قیمت 33 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ مسک نے 2022 میں X کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
مسک نے کہا، "xAI اور X کا مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے۔ آج ہم باضابطہ طور پر ڈیٹا، ماڈلز، کمپیوٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹیلنٹ کو یکجا کرنے کا قدم اٹھا رہے ہیں۔"
xAI نے حالیہ سرمایہ کاری کے بعد 10 ارب ڈالر حاصل کیے ہیں، جس سے اس کی مجموعی مالیت 75 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
xAI نے اپنا چیٹ بوٹ "Grok" بھی متعارف کرایا ہے، جو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کے جیمینائی جیسے ماڈلز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ گروک کو X پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کر دیا گیا ہے اور سوشل میڈیا ڈیٹا کی مدد سے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔