عید کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

اسلام آباد(رم نیوز) محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب میں دن کے وقت تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا اور بعض مقامات پر تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم گرم جبکہ دیگر علاقوں میں خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔