عیدالفطر کے دوران پنجاب میں عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی

لاہور (رم نیوز)پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر صوبے بھر میں عارضی نصب مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق پابندی کا اطلاق پورے پنجاب میں ہوگا، اور اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ عید کے موقع پر تفریحی پارکوں میں شہریوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جہاں بچے اور بڑے مکینیکل جھولوں، گیمنگ زونز اور کھیل کے میدانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے جمع ہوں گے۔

صرف مستقل طور پر نصب مکینیکل جھولوں کو مخصوص شرائط کے تحت کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ان جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے حفاظتی معائنے اور ریگولیٹری معیارات پر عمل درآمد کے تصدیقی سرٹیفکیٹ کا حصول بھی ضروری ہوگا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے حکومتی احکامات کی نگرانی اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، جو 24 گھنٹے پنجاب بھر سے رپورٹس مرتب کرے گا۔

عید کی تعطیلات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سینئر افسران کی قیادت میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔