اسلام آباد (رم نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کا دن خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔ ملکی سالمیت اور استحکام کے لیے اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے متحد ہونا سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔