عیدالفطر کا دوسرا روز، شہریوں کی سیر و تفریح، کھابوں اور موج مستی کے پلان

لاہور،کراچی، اسلام آباد(رم نیوز)عیدالفطر کے دوسرے دن شہریوں نے بھرپور طریقے سے منانے کا پلان بنا لیا۔ کہیں سیر سپاٹے تو کہیں دعوتوں میں ہلے گلے کا پروگرام ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں نے ناشتے کے لیے مشہور پوائنٹس کا رخ کیا۔ لاہور میں لوگ بونگ پائے، مغز، کوفتہ، حلوہ پوری اور نہاری سے لطف اندوز ہوئے۔ جبکہ اسلام آباد میں میلوڈی فوڈ سٹریٹ پر نان چنے، حلوہ پوری اور لسی سے لطف اٹھانے والوں کا رش دیکھا گیا۔

کراچی میں چڑیا گھر اور تفریحی پارک شہریوں سے بھر گئے، جہاں بچے عیدی کے پیسے خرچ کرتے ہوئے نظر آئے۔ چڑیا گھر میں بچے جھولے جھولنے اور آئسکریم کھانے میں مصروف رہے۔

خواتین نے بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ باہر جانے کے پلان بنا رکھے ہیں، جبکہ نوجوان فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس اور سینما گھروں کا رخ کرنے کی تیاری میں ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کا مزہ تب ہی آتا ہے جب دوستوں اور فیملیز کے ساتھ باہر جا کر تفریح کی جائے اور مزیدار پکوانوں سے لطف اندوز ہوا جائے۔