اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان نے میانمار میں حالیہ زلزلہ سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو آج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے میانمار روانہ کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے 35 ٹن امدادی سامان بھیجا جائے گا، جس میں 565 خیمے، 210 ترپالیں، 2000 کمبل، 1 ٹن تیار کھانا، 0.5 ٹن ادویات اور 10 واٹر ماڈیولز شامل ہیں۔ یہ سامان وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میانمار بھیجا جا رہا ہے تاکہ متاثرین کی فوری مدد کی جا سکے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز میانمار کے ہم منصب سینئر جنرل من آنگ ہلینگ سے ٹیلیفونک رابطہ کیاتھااور دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے خوفناک زلزلے نے وسیع تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں 2000 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ 400 سے زائد افراد ابھی تک لا پتہ ہیں اور 4 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔