قومی ٹیم کی مایوس کن بیٹنگ، دوسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

ہملٹن (رم نیوز) نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 85 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔

مچل ہے نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو سہارا دیا۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ دیگر اہم بیٹرز میں نک کیلی (31)، ہنری نکولس (22)، ڈیرل مچل (18)، اور کپتان مائیکل بریسویل (17) شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور سفیان مقیم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔293 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنرز اور مڈل آرڈر نے ناکامی کا سامنا کیا اور آدھی ٹیم صرف 11.4 اوورز میں پویلین واپس لوٹ گئی۔ عبداللہ شفیق 1، امام الحق 3، بابر اعظم 1، محمد رضوان 5 اور سلمان آغا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف نے 73 رنز کی مزاحمت کی، مگر باقی بیٹرز ان کا ساتھ نہ دے سکے۔ پاکستان کی نویں وکٹ 174 رنز پر گری، جس کے بعد محمد وسیم جونیئر 1، طیب طاہر 13 اور عاکف جاوید 8 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

میچ کے دوران حارث رؤف باؤنسر لگنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے، جس پر نسیم شاہ کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔ نسیم شاہ نے غیر متوقع طور پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آخری تک مزاحمت کی۔پاکستان کی ٹیم 208 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اور نیوزی لینڈ نے میچ 85 رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔