واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں ٹیرف جنگ کو مزید بڑھا دیا ہے اور پاکستان سمیت 25 ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف عائد کیا جائے گا کیونکہ پاکستان امریکا سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت پر 26 فیصد، چین پر 34 فیصد، یورپی یونین پر 20 فیصد اور سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش پر 37 فیصد، جاپان پر 24 فیصد، اسرائیل پر 17 فیصد اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس بھی عائد کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے اس اقدام کو امریکہ کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک کے ٹیرف سے امریکا کو نقصان پہنچا تھا، اور اب جوابی ٹیرف سے امریکا کی اقتصادی آزادی کو مزید تقویت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حاصل شدہ رقم کو امریکی شہریوں کے ٹیکس کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ دن امریکا کی اقتصادی خوشحالی کا دن ہے اور اب امریکا کی باری ہے کہ وہ اپنی معیشت کو مزید طاقتور بنائے۔ انھوں نے جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔یہ فیصلہ عالمی سطح پر تجارتی تعلقات کو متاثر کرسکتا ہے اور دیگر ممالک کے ردعمل کا سامنا بھی کیا جا سکتا ہے۔