وزیراعظم کا گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ اور صنعتی صارفین کیلئے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا۔

بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ جون 2024 میں گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 48 روپے 70 پیسے فی یونٹ تھی جو اب 45 روپے 5 پیسے فی یونٹ ہے۔ مزید 7 روپے 41 پیسے کی کمی کے بعد نئی قیمت 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہو گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 58 روپے 50 پیسے فی یونٹ تھی جو 48 روپے 19 پیسے تک کم ہوئی تھی۔ اب 7 روپے 59 پیسے کی مزید کمی کے بعد یہ قیمت 40 روپے 60 پیسے فی یونٹ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ 600 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، اگر بجلی چوری روکی گئی تو مزید سستی فراہم کی جاسکتی ہے۔ حکومت نے ڈسکوز کی فوری نجکاری کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے اور پالیسی ریٹ 12 فیصد تک کم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 38 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔وزیراعظم نے گردشی قرضے کے مسئلے کے مستقل حل کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اگلے پانچ سال میں گردشی قرضہ مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاہدوں پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کی بدولت 3696 ارب روپے کا ریلیف حاصل کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں کی جانے والی اصلاحات کامیاب ہو رہی ہیں اور بجلی کے نرخوں میں کمی انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اویس لغاری، محمد اورنگزیب، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔