دبئی (رم نیوز) پاکستان کرکٹ کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی صدارت اپنے نام کر لی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو اگلے دو سال کے لیے اے سی سی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مدت کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت پاکستان کو دی جائے گی۔
اے سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محسن نقوی آئندہ دو سال تک ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ اس فیصلے کو پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جو خطے میں کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگی۔