ہیملٹن (رم نیوز) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔میچ نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے مقررہ وقت کے دوران ایک اوور کم کرایا۔ اس کے نتیجے میں قومی ٹیم پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے اس غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا کو قبول کر لیا ہے۔ اس سے قبل، پہلے ون ڈے میچ میں بھی پاکستان ٹیم پر دیر سے اوور مکمل کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی، اور 293 رنز کے تعاقب میں آدھی ٹیم صرف 32 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ عبداللہ شفیق، بابراعظم، امام الحق، کپتان محمد رضوان اور سلمان آغاز جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔
یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی، جس پر پاکستان کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ناکامی کا اعتراف کرنے کی بجائے سارا ملبہ باؤلرز پر ڈال دیا تھا۔