راولپنڈی (رم نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 268 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو پوری طاقت سے ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم کو قومی سلامتی، علاقائی صورتحال اور بڑھتے ہوئے خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فورم نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ریاستی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی کریں گے۔
کور کمانڈرز نے کہا کہ بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی، اور عوام کی مکمل حمایت سے مذموم عناصر کا مقابلہ کیا جائے گا۔
کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کی حکمتِ عملی کے تیز تر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ آرمی چیف نے تمام اداروں کو حکومت کی ہدایات کے مطابق مکمل ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔ کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فیلڈ کمانڈرز کو اعلیٰ ترین جنگی تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی