بیرسٹر گوہر علی خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بیان بازی سے منع کر دیا

اسلام آباد (رم نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے اور نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو بیان بازی سے روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے اہم ملاقات کی، جس میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کو میڈیا میں لانے سے روکنے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو پارٹی کے اندر ہی حل کیا جائے تاکہ تنظیمی یکجہتی اور اتحاد برقرار رہے۔

مزید براں، چیئرمین پی ٹی آئی کا تیمور جھگڑا سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں انہوں نے رہنماؤں کو خبردار کیا کہ بیان بازی سے گریز کیا جائے اور پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے بیانات نہ دیے جائیں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ پارٹی کے معاملات کو باہمی مشاورت اور تحمل سے حل کیا جائے تاکہ تنظیمی استحکام اور اتحاد برقرار رکھا جا سکے۔