کراچی(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، دن کے اوقات میں شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کی توقع ہے، تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت کراچی میں شمال مشرق سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ اور جنوبی پنجاب میں اگلے دو سے تین روز میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کے ساتھ ساتھ جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہے گی۔ پنجاب کے جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا اور جنوبی اضلاع میں گرمی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔