لاہور(رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہونے والے میچز کی سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو سکیورٹی کے انتظامات کے لیے درخواست بھجوائی تھی، جسے وزارت داخلہ نے منظور کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، سکیورٹی کے انتظامات میں پولیس کی معاونت کے لیے رینجرز اور فوج کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہونے والے میچز کے دوران رینجرز کے ایک ایک ونگ اور فوج کی دو دو کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 10 ایک ہائی پروفائل ایونٹ ہے جس میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز کی شرکت ہو گی، جس کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ، ٹیموں کی نقل و حرکت، قیام اور میچز کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی سکیورٹی میں معاونت فراہم کریں گے۔ سکیورٹی کے دستوں کی تعیناتی 6 اپریل سے 19 مئی تک کی جائے گی۔