پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر لیا

راولپنڈی (رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کا آغاز لاہور قلندرز کی بیٹنگ سے ہوا، جب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ میں نظر آئی، اور پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

فخر زمان صرف 1 رن بنا کر رائلے میریڈتھ کی گیند پر وکٹ کیپر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محمد نعیم، ڈیرل مچل، سیم بلنگز اور سکندر رضا جلدی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور کے دیگر کھلاڑیوں میں صرف سکندر رضا 23 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان نے 3، اور نسیم شاہ، عماد وسیم اور رائلے میریڈتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 140 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آغاز سے اختتام تک میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔

قبل ازیں، راولپنڈی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کے نامور گلوکاروں نے پرفارم کیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔