تہران (رم نیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان ایٹمی پروگرام کے تنازع پر بالواسطہ مذاکرات آج عمان میں ہوں گے، جہاں دونوں ممالک کے نمائندے عمانی حکام کی ثالثی میں بات چیت کا آغاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت سینئر سفارتکار عباسی عراقچی کریں گے، جبکہ امریکی وفد کی قیادت اسٹیو و ٹکوف کے سپرد ہوگی۔ مذاکرات سے قبل دونوں فریق عمانی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جو مذاکرات میں پیغام رسانی کا کردار ادا کریں گے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تہران ایک "حقیقی اور منصفانہ" معاہدہ چاہتا ہے، جس میں ایرانی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ امریکا کا مؤقف اٹل ہے، اور ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی سطح پر ایٹمی پھیلاؤ کے خدشات کم کرنے کے لیے اہم موقع ہو سکتے ہیں۔