پی ایس ایل 10 کا دوسرا روز: آج دو بڑے مقابلے ہوں گے

لاہور (رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کا رنگا رنگ ایڈیشن بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے، اور آج لیگ کے دوسرے روز شائقین کرکٹ کو دو سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملیں گے۔پہلا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں میچ کا آغاز سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے ہمیشہ ہی دلچسپ اور سخت مقابلے کے حامل رہے ہیں، اور آج کے میچ سے بھی یہی توقع کی جا رہی ہے۔

دن کا دوسرا اور رات کا پہلا میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا، جہاں کراچی کنگز اپنی مہم کا آغاز ملتان سلطانز کے خلاف کرے گی۔ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا، اور ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز کی کارکردگی پر شائقین کی خاص نظر ہو گی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ گزشتہ روز کھیلا گیا تھا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ انداز میں ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔