کراچی میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی

کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق، کراچی آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا اور شہر میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کا امکان ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اس وقت شہر کا مطلع صاف اور موسم گرم ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، جو گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔