پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کی شاندار واپسی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست

راولپنڈی (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

لاہور کی جانب سے فخر زمان نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سیم بلنگز 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے بھی 37، 37 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ دیگر بیٹرز میں محمد نعیم 10، سکندر رضا 6 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز مایوس کن رہا اور پوری ٹیم 16.2 اوورز میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رلی روسو 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوشال مینڈس نے 28 اور شعیب ملک نے 14 رنز اسکور کیے۔ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے

لاہور کی جانب سے راشد حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حارث رؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کو 80 رنز سے ہرایا تھا۔ تاہم اس میچ میں قلندرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے بھرپور انداز میں فتح حاصل کی۔