راولپنڈی (رم نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی، دفاعی تعاون اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ آرمی چیف اور امریکی وفد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد تکنیکی مہارت، تربیت اور استعداد کار بڑھانا ہے۔
امریکی کانگریسی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا۔ وفد نے پاکستانی قوم کی استقامت، جذبے اور اسٹریٹجک اہمیت کی بھی تعریف کی۔
امریکی وفد نے پاکستان کی خودمختاری کے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امریکی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، قومی خودمختاری کے احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہونے چاہئیں۔