لاہور (رم نیوز)صوبہ پنجاب میں موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں فوری طور پر گرمی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکولوں میں صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے، طلبہ کو روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی پینے کی تلقین کرنے اور انہیں ریفیلیبل واٹر بوتل ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے نے سکول انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ کلاسز کو زیادہ سے زیادہ سایہ دار اور ہوادار کمروں میں منتقل کیا جائے، جبکہ شدید گرمی کے دوران آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔اس کے علاوہ، طلبہ اور عملے کو ہیٹ اسٹروک کی علامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے، اسکولوں میں فرسٹ ایڈ کٹس کی دستیابی اور عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے ان ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے تمام ضلعی افسران کو نگرانی کا ٹاسک سونپ دیا ہے تاکہ طلبہ کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔