مائنزمنرلز بل: بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر پاس نہیں ہوگا، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد(رم نیوز)سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا ہے کہ مائنزمنرلز بل بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر پاس نہیں ہوگا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عاطف خان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میں شامل ہیں اور پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے کسی کو نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ مائنزمنرلز بل پر بات کرنا غیر ضروری ہے، کیونکہ یہ بل تب تک پاس نہیں ہو سکتا جب تک بانی پی ٹی آئی کی اجازت نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بانی کی مرضی کے بغیر یہ بل پاس نہیں ہوگا، چاہے اس پر پانچ سال تک کوئی پیش رفت نہ ہو۔

اس کے علاوہ، شیخ وقاص اکرم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سے اس وقت تک کوئی پس پردہ بات نہیں ہوئی، اور نہ ہی اس بارے میں کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو آج تحریک انصاف کو جواب دینا ہے۔