عدالت کا بانی پی ٹی آئی کو فوری ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم، بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر

اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے عمران خان کو فوری طور پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے عمران خان کے خلاف جعلی رسیدوں سمیت پانچ مقدمات میں دائر ضمانت درخواستوں کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت وکیل خالد یوسف نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے تحت آج عمران خان کو پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ جج نے سوال کیا کہ کیا جیل حکام نے کوئی خط بھیجا؟ عدالتی عملے نے جواب دیا کہ ایک لیٹر موصول ہوا ہے۔