پشاور ہائیکورٹ سے علی امین گنڈاپور کو 40 روز کی حفاظتی ضمانت، گرفتاری سے روک دیا گیا

پشاور(رم نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 40 روزہ حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ انہیں اس مدت میں گرفتار نہ کیا جائے۔درخواست کی سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ علی امین گنڈاپور کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وہ سرکاری مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام مقدمات کی تفصیلات جمع کروا دی گئی ہیں؟ نیب کے وکیل نے جواب دیا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف صرف ایک انکوائری زیر التواء ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف 66 مقدمات درج ہیں، جن میں گرفتاری کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا حفاظتی ضمانت دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ طویل مدت کی ضمانت دینا ممکن نہیں، تاہم موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے 40 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی۔