مستونگ: بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 3 اہلکار شہید، متعدد زخمی

مستونگ (رم نیوز)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، جہاں دشت روڈ پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ واقعے میں 3 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ کھنڈ مہسوری کے قریب اس وقت کیا گیا جب کانسٹیبلری کے اہلکار اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمیوں اور شہداء کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور حملہ آوروں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔