اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات آج ہوگی

راولپنڈی (رم نیوز)پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے آج اڈیالہ جیل میں اہل خانہ اور وکلاء کی ملاقات متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق، ملاقات کے لیے پی ٹی آئی کے 6 وکلاء پر مشتمل وفد آج اڈیالہ جیل جائے گا۔ ملاقات کرنے والے وکلاء میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر سلمان صفدر، نعیم پنجوتھا اور ظہیر عباس چوہدری شامل ہیں۔ وکلا کی فہرست باقاعدہ طور پر جیل حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کی بہنیں، بشریٰ بی بی کی بیٹیاں اور دیگر قریبی رشتہ دار بھی آج ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی بھی عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے۔ اس موقع پر جیل کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور مختلف راستوں پر پولیس اور ایلیٹ فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق، ملاقاتیں مقررہ طریقہ کار اور وقت کے مطابق ہوں گی، جبکہ سکیورٹی حکام تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔