پشاور ہائیکورٹ سے عمر ایوب کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور(رم نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ اُن کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے بعد سنایا۔

سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللّٰہ اور جسٹس صلاح الدین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب کے خلاف اسلام آباد میں 21 مقدمات درج ہیں۔عمر ایوب نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات پہلے بھی عدالت میں جمع کرائی گئی تھیں، تاہم اس کے باوجود مزید مقدمات سامنے آ گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو گمراہ کیا اور مقدمات کو چھپایا۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ عمر ایوب کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات فوری طور پر عدالت میں جمع کرائی جائیں۔یاد رہے کہ عمر ایوب حالیہ دنوں میں پاکستان تحریکِ انصاف کے اندرونی اختلافات اور قانونی دباؤ کے باعث خبروں میں نمایاں ہیں۔