اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کو شاملِ تفتیش کرنے کا حکم جاری کر دیا، جبکہ ان کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج چودھری عامر ضیا نے بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سماعت کے دوران تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کو مقدمے کی تفتیش میں شامل کیا جائے۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جس میں پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کو احتجاج کے سلسلے میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہوا تھا۔