واشنگٹن(رم نیوز) بلیو اوریجن کا آل ویمن اسپیس مشن عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا، جب امریکی گلوکارہ کیٹی پیری سمیت 6 خواتین نے بغیر پائلٹ کے خلا کا سفر کیا اور کامیابی کے ساتھ زمین پر واپس لوٹ آئیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، جیف بیزوس کی کمپنی بلیو اوریجن کے اس تاریخی مشن میں کیٹی پیری کے ساتھ لارین سانچیز (صحافی)، گیل کنگ (براڈکاسٹر)، عائشہ بو (راکٹ سائنسدان)، امندا نگوین (سماجی کارکن) اور کیریان فلین (فلم پروڈیوسر) بھی شامل تھیں۔ یہ مشن 11 منٹ تک جاری رہا، جس دوران خواتین نے خلا کے خوبصورت مناظر کا مشاہدہ کیا۔
یہ مشن نہ صرف ٹیکنالوجی کی کامیابی کی علامت ہے بلکہ یہ ایک سماجی سنگِ میل بھی ہے کیونکہ یہ پچھلے 60 سالوں میں پہلی بار تھا کہ خلا کی سیر صرف خواتین پر مشتمل ٹیم نے کی۔بلیو اوریجن کی اس خلائی پرواز میں پائلٹ کی ضرورت نہیں تھی، اور یہ مشن خلا میں خواتین کی شرکت کو مزید فروغ دینے کا ایک اہم قدم ثابت ہوا۔