ہمیں ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو محفوظ بنانا ہوگا تاکہ صارفین کا اعتماد قائم رہے اور معیشت مستحکم ہو: شزا فاطمہ

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے مالی نظام میں شفافیت بڑھ رہی ہے، تاہم ان ادائیگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں منعقدہ لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔شزا فاطمہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی ہے جس نے زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مصنوعی ذہانت کو سمجھنے اور اس کا درست استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ادارے مؤثر طریقے سے کام کر سکیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی طرف لے جانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اور پاکستان کو بھی اسی رفتار سے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو محفوظ بنانا ہوگا تاکہ صارفین کا اعتماد قائم رہے اور معیشت مستحکم ہو۔