عمرکوٹ (رم نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ پولنگ کل 17 اپریل کو ہو گی جبکہ انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے مکمل ہو گئی۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مواد کی ترسیل آج سے شروع ہو گئی ہے، تمام پولنگ اسٹاف کو مقررہ مقامات پر پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور اور جی ڈی اے کی حمایت یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار لال چند مالہی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔یہ نشست پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
حلقے میں کل 498 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہوں گے۔ضمنی انتخاب کے موقع پر 17 اپریل کو عمرکوٹ ضلع میں عام تعطیل کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے تاکہ ووٹرز بلا روک ٹوک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔