"ہمیں وزارتیں نہیں، عزت چاہئے" ، بلاول بھٹو کی شہباز حکومت کو وارننگ

حیدرآباد (رم نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر متنازعہ کینالز منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو وزارتیں نہیں، عزت اور عوامی مینڈیٹ کا احترام چاہئے۔

حیدرآباد میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمرکوٹ کے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی فتح سندھ کے عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا اعلان ہے کہ سندھ آج بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن ایک پیج پر تھیں اور دونوں جماعتوں کا مقصد پیپلز پارٹی کو شکست دینا تھا، مگر سندھ کے عوام نے انہیں تاریخی شکست سے دوچار کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیا کہ سندھ کے عوام نے کینالز منصوبے کو مسترد کر دیا ہے، اور اگر یہ منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو پارٹی حکومتی اتحاد کا حصہ نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے شہباز شریف کو ایک نہیں، دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا، مگر اب اگر دھمکیاں دی جائیں گی تو ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔"

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی آواز سننے سے قاصر ہے۔ "اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے،" بلاول نے خبردار کیا۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہے۔ "گندم سکینڈل سے کسانوں کا معاشی قتل کیا گیا۔ یہ صرف عوام کا خون چوستے ہیں، کچھ نہیں کرتے۔

آخر میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ کسی صورت عوام کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔