جامشورو میں المناک حادثہ، مسافر وین پہاڑی سے گرنے سے 16 افراد جاں بحق

جامشورو (رم نیوز) سندھ کے ضلع جامشورو میں تھانہ بولا خان کے قریب ایک مسافر وین کے پہاڑی سے گرنے کے باعث حادثہ پیش آیا جس میں 16 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق وین لاپاری سے بدین جا رہی تھی جب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے قابو چھوٹ گیا اور گاڑی پہاڑی سے نیچے جا گری۔ وین میں کولہی برادری کے افراد سوار تھے جو اپنے خاندان کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔