پی ایس ایل 10: ملتان سلطانز کی پہلی کامیابی، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے زیر کر لیا

ملتان (رم نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سلطانز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز سکور کیے۔

اوپنر یاسر خان نے 87 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر شائقین کو محظوظ کیا اور ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ عثمان خان نے 39، محمد رضوان نے 32 جبکہ افتخار احمد نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ایشٹن ٹرنر نے 15 اور مائیکل بریسویل نے 9 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی باؤلنگ لائن اپ ملتان کی جارحیت کے سامنے بے بس نظر آئی۔ رشاد حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے اپنے 3 اوورز میں 54 رنز دیے اور ٹیم کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔

جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 195 رنز بنا سکی۔ سکندر رضا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سیم بلنگز نے 43، فخر زمان نے 32، ڈیرل مچل نے 19 اور عبداللہ شفیق نے 18 رنز بنائے تاہم قلندرز کی ٹیم مقررہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔

اس کامیابی کے ساتھ ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی جانب پہلا قدم بڑھایا، جبکہ لاہور قلندرز کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔