پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کی دھواں دار کارکردگی، ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

ملتان (رم نیوز)پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے ایک اہم اور یکطرفہ مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عمدہ بیٹنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ عثمان خان نے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان محمد رضوان نے 36 اور یاسر خان نے 29 رنز سکور کیے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ریلی میرڈیتھ، شاداب خان، جیسن ہولڈر اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کوپویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپن بیٹر اینڈرس گوس نے 80 رنزبنائے کولن منرو 45، محمد نواز 21 اور صاحبزادہ فرحان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔اس فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر مضبوط پوزیشن میں آ چکی ہے، جبکہ ملتان سلطانز مسلسل ناکامیوں کے بعد شدید دباؤ کا شکار ہے اور اب تک صرف ایک کامیابی حاصل کر سکی ہے۔