واشنگٹن(رم نیوز)امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں تبدیلیوں کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان، ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ فی الحال جموں و کشمیر کے معاملے پر کوئی فوری موقف اختیار نہیں کرے گا، کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس معاملے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور صورتحال کے مطابق اپنی پالیسی میں تبدیلی لا سکتا ہے۔
ٹیمی بروس نے بھارت میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکا اس مشکل وقت میں بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
امریکہ کی جانب سے یہ بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ پاک بھارت تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور اس پر گہری تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔